لاہور: عالمی فضائی انڈیکس میں لاہور آلودہ ترین شہروں میں 16 ویں نمبر پر آگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت سے چلنے والی تیز ہواؤں کے رخ میں تبدیلی کے باعث لاہور، فیصل آباد، رحیم یار خان اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں فضائی آلودگی کے انڈیکس میں معمولی اتار چڑھاؤ جاری ہے۔
ماہرین موسمیات کے مطابق اگلے ہفتے لاہور میں بارش سے فضائی آلودگی میں کمی کا امکان ہے جب کہ ہوا کی رفتار اور نمی بڑھنے سے آلودہ ذرات فضا میں موجود رہتے ہیں جس سے فضائی انڈیکس میں تبدیلی آتی ہے۔ نومبر میں اسموگ سیزن کی آمد سے قبل مؤثر پیشگی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
انتظامیہ اور محکموں کو فصلوں کی باقیات کو جدید مشینری سے ٹھکانے لگانے اور آگ نہ لگانے کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے پلاسٹک کو آگ لگانے اور پلاسٹک سے تیار کردہ مصنوعات سے انسانی زندگی کو لاحق خطرات کا خاتمہ یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ بھٹہ خشت کی مانیٹرنگ اور زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ رکھنے والے بھٹوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔ دھوئیں سے فضائی آلودگی کا باعث بننے والے ریسٹورنٹس اور باربی کیو آؤٹ لیٹس کی نگرانی اور معائنہ مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
لاہور کے داخلی مقامات پر بڑی اور چھوٹی گاڑیوں کے معائنے اور اسموک ایمیشن کی سخت پڑتال بھی جاری ہے جب کہ موٹر بائیکس کے دھوئیں کی مانیٹرنگ بھی جاری ہے اور آلودگی پھیلانے پر کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔















