انتہائی گرم چائے یا کافی پینے والوں میں غذائی نالی کے کینسر کا خطرہ 3 گنا بڑھ سکتا ہے: تحقیق

b37430c0-aaa8-11f1-9eba-7de947fa7cd1.jpg (1)

بہت زیادہ گرم چائے یا کافی پینے کے شوقین افراد کے لیے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گرم مشروبات کا حد سے زیادہ گرم حالت میں استعمال غذائی نالی کے کینسر میں مبتلا ہونے کا خطرہ نمایاں طور پر بڑھا سکتا ہے۔

برطانیہ میں کی جانے والی ایک بڑی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ بہت زیادہ گرم چائے اور کافی پینے والے افراد میں غذائی نالی کے کینسر کی ایک مخصوص قسم کا خطرہ معمول کے مقابلے میں 3 گنا زیادہ ہوسکتا ہے۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کی تحقیق کے دوران گرم مشروبات استعمال کرنے والے 9 لاکھ 80 ہزار افراد کے طبی اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تحقیق میں شامل افراد کی صحت کی صورتحال پر 14 سال سے زائد عرصے تک نظر رکھی گئی تاکہ انتہائی گرم مشروبات کے طویل مدت تک استعمال کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جاسکے۔

محققین نے تحقیق میں شریک افراد سے ان کے مشروبات کے درجہ حرارت سے متعلق ترجیحات بھی معلوم کیں۔ شرکا سے پوچھا گیا کہ وہ چائے یا کافی بہت زیادہ گرم، معتدل گرم، نیم گرم یا ٹھنڈی حالت میں پینا پسند کرتے ہیں۔

تحقیق کے نتائج میں بہت زیادہ گرم مشروبات کے استعمال اور غذائی نالی کے کینسر کے خطرے کے درمیان واضح تعلق سامنے آیا۔ ماہرین کے مطابق 70 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ درجہ حرارت پر چائے یا کافی پینا غذائی نالی کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے اور اس کے نتیجے میں کینسر کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ انتہائی گرم مشروبات کے استعمال سے غذائی نالی کے کینسر کی قسم ایس سی سی کا خطرہ بڑھتا ہے، تاہم بیماری کی دوسری قسم اے سی کے خطرے میں اسی طرح کا اضافہ دیکھنے میں نہیں آیا۔

ماہرین کے مطابق تحقیق کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ بہت زیادہ گرم چائے یا کافی کا مسلسل استعمال ایس سی سی میں مبتلا ہونے کے امکانات کو 3 گنا تک بڑھا سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انتہائی گرم مشروبات سے پیدا ہونے والی حرارت غذائی نالی کے خلیات کو متاثر کرسکتی ہے، جس کے نتیجے میں طویل مدت کے دوران بیماری کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔

اس سے قبل بھی مختلف طبی تحقیقات میں انتہائی گرم مشروبات کے استعمال اور غذائی نالی کے کینسر کے درمیان ممکنہ تعلق کی نشاندہی کی جاچکی ہے۔ 2016 میں عالمی ادارہ صحت سے منسلک بین الاقوامی ادارہ برائے تحقیقِ سرطان نے بھی خبردار کیا تھا کہ بہت زیادہ گرم مشروبات انسانوں میں کینسر کا باعث بن سکتے ہیں، جس کی ایک ممکنہ وجہ مسلسل شدید حرارت سے غذائی نالی کے خلیات کو پہنچنے والا نقصان ہے۔

محققین نے مشورہ دیا ہے کہ چائے یا کافی کو انتہائی گرم حالت میں پینے کے بجائے کچھ دیر ٹھنڈا ہونے دیا جائے، تاکہ مشروب کا درجہ حرارت کم ہوجائے اور ممکنہ طبی خطرات کو محدود کیا جاسکے۔

تاہم ماہرین نے واضح کیا کہ تحقیق کی کچھ حدود بھی ہیں اور اس کے ذریعے یہ حتمی طور پر ثابت نہیں کیا جاسکا کہ انتہائی گرم مشروبات ہی کینسر کی براہ راست وجہ بنتے ہیں۔ ان کے مطابق اس تعلق کی مزید وضاحت اور نتائج کی تصدیق کے لیے اضافی تحقیق کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top