حکمران منگولوں کی طرح عوام کولوٹ رہے ہیں،فواد چودھری

fawad-chaudhry

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور سیاستدان فواد چودھری نے امریکا اور ایران کے تنازع کے باعث ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ہمسایہ ممالک سے موازنہ پیش کیا ہے۔

 سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں فواد چودھری نے اعداد و شمار کا موازنہ کرتے ہوئے حکومت کی معاشی پالیسیوں کی قلعی کھول دی۔

انہوں نے خطے کی صورتحال پر لکھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان فوجی تصادم کے آغاز سے لے کر اب تک پاکستان کی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 114 روپے فی لیٹر کا بھاری اضافہ کیا۔

 اس کے برعکس اسی دوران بھارت نے پٹرول کی قیمتوں میں صرف 7 روپے فی لیٹر اور بنگلہ دیش نے صرف 24 ٹکا فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔

فواد چودھری نے عوامی معاشی مشکلات کے باوجود حکمرانوں کے شاہانہ اخراجات اور شاہ خرچیوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔

 انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک طرف عوام معاشی بحران کا شکار ہیں اور دوسری طرف صرف تین دنوں کے اندر 40 ارب روپے کی نئی گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں، مریم نواز 11 ارب روپے کا جہاز لے کر لندن میں چھٹیوں پر موجود ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ آٹا، پیاز اور دیگر روزمرہ کی تمام اشیاءکی قیمتوں کو پر لگ چکے ہیں۔

 اس صورتحال میں موثر اپوزیشن کی عدم موجودگی کی وجہ سے موجودہ حکمران عوام کو اس بے دردی سے لوٹ رہے ہیں جیسے تاریخ میں منگولوں نے بغداد کو لوٹا تھا۔

مزید خبریں

Scroll to Top