ڈھاکا: بنگلہ دیش میں ملک ٹوٹنے کے بعد بھی56 سال گزرنے کے باوجود بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی شخصیت اور قیامِ پاکستان کے لیے ان کی جدوجہد کو یاد کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں بنگلہ دیش میں ’’The Architect Remembered‘‘ کے عنوان سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی پاکستان کے قیام کے لیے خدمات، سیاسی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
تقریب میں مقررین نے قائداعظمؒ کی اصول پسندی، سیاسی بصیرت اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ان کی تاریخی جدوجہد پر روشنی ڈالی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ قائداعظمؒ کے افکار اور اصول آج بھی خطے کے عوام کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔

تقریب کے شرکاء نے قائداعظمؒ کے معروف اصول ’’ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط‘‘ کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ نئی نسل کو برصغیر کی تاریخ اور قیامِ پاکستان کے پس منظر سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دوسری جانب بنگلہ دیش کے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پاکستانی ملی نغمے بھی بڑی تعداد میں شیئر کیے جا رہے ہیں، جن میں پاکستان کا معروف ملی نغمہ ’’آؤ بچوں سیر کرائیں تم کو پاکستان کی، جس کے خاطر ہم نے دی قربانی پاکستان کی‘‘ بھی شامل ہے۔
سوشل میڈیا پر پاکستانی ملی نغموں کی شیئرنگ اور قائداعظمؒ کی یاد میں منعقد ہونے والی تقریب نے ایک مرتبہ پھر اس تاریخی تعلق اور مشترکہ ماضی کو اجاگر کیا ہے جو برصغیر کے عوام کی تاریخ کا اہم حصہ رہا ہے۔
’’The Architect Remembered‘‘ کے عنوان سے ہونے والی یہ تقریب 9 سے 11 ستمبر 2026 تک جاری رہنے والی تقریبات کا حصہ ہے، جس میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی شخصیت، خدمات اور افکار کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔















