لندن: ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیلی غیر قانونی بستیوں کے خلاف برطانیہ کی پابندیوں کا خیر مقدم کیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اسرائیل مخالف پابندیوں کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی سینئر ڈائریکٹر ایریکا گویرا کا کہنا تھا کہ اسرائیلی بستیاں غیر قانونی قبضے، الحاق اور نسلی صفائی کا سبب بن رہی ہیں۔ اسرائیلی بستیاں فلسطینیوں کو ان کی زمینوں اور املاک سے محروم کر رہی ہیں، پابندیوں جیسے اقدامات بہت پہلے ہونے چاہئے تھے۔
ایریکا گویرا کے مطابق یہ اقدامات عالمی کوششوں کا اختتام نہیں بلکہ آغاز ثابت ہونا چاہیے، برطانیہ کو اپنے فیصلے پر عملی اقدامات اُٹھانا ہوں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ برطانیہ کو اسرائیل کو حاصل استثنیٰ کے خاتمے کے لیے مزید مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، برطانیہ اسرائیل سے فوجی تعاون روکنے اور عالمی نظام انصاف کی حمایت کرنے جیسے اقدامات بھی کرے۔















