واشنگٹن: امریکا کے سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ یمن کے باغی حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب ہونے والے حملوں کے پیچھے ایران کا ہاتھ ہے۔
امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر مارکو روبیو کی کولمبیا روانگی سے قبل گفتگو جاری کی ہے، جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں میں ایران ملوث ہے۔ حوثی کئی پہلوؤں سے ایران کے ایجنٹ اور پراکسی ہیں اور میرے خیال میں ان حملوں کے پیچھے کسی حد تک یہ واضح ہے کہ ایران کا ہاتھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے سعودی عرب کے ساتھ انتہائی گہرے دفاعی عسکری تعلقات ہیں اور ہم ان حملوں کا بہت قریب سے جائزہ لے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ یمن میں حوثی گروپ انصاراللہ نے سعودی عرب کے مختلف شہروں پر حملے کیے، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 73 افراد زخمی ہوئے، ان حملوں میں ابہا، خمیس مشیط، نجران اور جازان اور دیگر علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
حوثی گروپ نے سعودی عرب میں شہریوں کے علاوہ اقتصادی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا جبکہ سعودی اتحادی فورس نے دھمکی دی ہے کہ ان حملوں کا سخت جواب دیا جائے گا۔















