پاکستان کی بڑھتی آبادی وسائل پر دباؤ میں اضافے کا باعث بن رہی ہے: احسن اقبال

ahsan-iqbal

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں آبادی میں تیزی سے ہونے والا اضافہ محدود قدرتی وسائل پر دباؤ بڑھا رہا ہے، اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے زمین اور پانی کے وسائل کے استعمال سے متعلق جامع اور مربوط حکمت عملی اختیار کرنا ہوگی۔

اسلام آباد میں زمین اور آبی وسائل کے مربوط استعمال سے متعلق قومی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو پانی کی بڑھتی ہوئی قلت، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات اور محدود وسائل کے مؤثر استعمال جیسے اہم مسائل کا سامنا ہے، جن سے نمٹنے کے لیے دیرپا بنیادوں پر منصوبہ بندی ناگزیر ہے۔

وفاقی وزیر نے زور دیا کہ ملکی ترقی کے منصوبوں میں زمین اور پانی کے وسائل کو بنیادی اہمیت دی جائے، کیونکہ آبادی میں اضافے کے ساتھ ان وسائل کی طلب بھی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وسائل کے بہتر استعمال کے لیے روایتی طریقوں کے بجائے سائنسی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے پالیسیاں تشکیل دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ خوراک، پانی اور ماحول کے تحفظ سے متعلق مسائل ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں، اس لیے ان کے حل کے لیے وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر رابطہ اور متعلقہ اداروں میں بہتر ہم آہنگی ضروری ہے۔ مشترکہ حکمت عملی کے ذریعے محدود وسائل پر بڑھتے دباؤ کو کم کرنے کے ساتھ مستقبل کی ضروریات بھی پوری کی جاسکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ قومی ورکشاپ اور تکنیکی ماہرین پر مشتمل ورکنگ گروپ کی سفارشات مستقبل میں پالیسی سازی کے لیے اہم بنیاد فراہم کریں گی۔ ترقیاتی سرگرمیوں اور ماحولیاتی تحفظ کے درمیان توازن قائم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ قدرتی وسائل کو محفوظ بنانا صرف موجودہ نسل نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کے لیے بھی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top