یوکرین کے دارالحکومت کیف پر روسی فوج کی جانب سے بیلسٹک میزائلوں سے کیے گئے تازہ حملے کے نتیجے میں متعدد علاقوں میں آگ بھڑک اٹھی جبکہ 2 رہائشی عمارتیں شدید متاثر ہوئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق کیف کے میئر نے بتایا کہ روسی حملے میں ایک 5 منزلہ اور ایک 3 منزلہ رہائشی عمارت کو نقصان پہنچا۔ ایک متاثرہ عمارت میں متعدد افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاعات ہیں، جنہیں نکالنے کے لیے امدادی ٹیموں کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق مقامی حکام کا کہنا ہے کہ میزائل حملوں کے بعد دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں آگ لگنے کے واقعات بھی پیش آئے، جس کے باعث امدادی اداروں کو متاثرہ مقامات پر بھیجا گیا۔ حکام نے شہریوں کو مزید حملوں کے خدشے کے پیش نظر محفوظ پناہ گاہوں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیف پر حملے کے بعد یوکرین نے بھی روسی علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے جوابی کارروائی کی۔ روس کے ساراتوف علاقے میں یوکرینی ڈرون حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
روسی حکام نے بتایا کہ ڈرون حملوں کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں جبکہ حملوں سے ہونے والے نقصانات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔
دوسری جانب یوکرین سے ملحق روسی سرحد کے قریب پولینڈ نے بھی اپنی حفاظتی تیاریوں میں اضافہ کردیا ہے۔ پولینڈ کی جانب سے احتیاطی اقدامات کے تحت لڑاکا طیاروں نے پروازیں شروع کردی ہیں، جس کا مقصد خطے میں بڑھتی ہوئی فوجی سرگرمیوں کے تناظر میں اپنی فضائی حدود کی نگرانی اور تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔















