وزیراعظم کی سعودی عرب میں حوثیوں کے حملے کی شدید مذمت، مملکت کی سلامتی کیلئے بھرپور حمایت کا عزم

saudiaarabiakingsalmanbinabdulazizandprimeministershahbazsharif

اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے مختلف شہروں میں حوثی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی حوثی جماعت انصاراللہ کی جانب سے سعودی عرب کے شہروں ابہا، خمیس مشیط، نجران اور جازان میں حملے کیے گئے، جن میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ حملوں کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 73 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے ردعمل میں کہا کہ شہری آبادی اور تنصیبات کو نشانہ بنانے والے ایسے حملے ناقابل قبول ہیں، کیونکہ ان کے نتیجے میں نہ صرف بے گناہ افراد کی زندگیاں خطرے میں پڑتی ہیں بلکہ خطے میں امن و سلامتی کی صورتحال بھی متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان اس مشکل وقت میں برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔

وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کے ساتھ بھی یکجہتی کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے حوثی حملوں کے نتیجے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔

مزید خبریں

Scroll to Top