راولپنڈی: پاک بحریہ کےتحت 1965ء کی جنگ کی یاد میں یوم بحریہ منایا گیا۔ پاک بحریہ کی جرات،پیشہ وارانہ صلاحیت اور قربانیوں کوخراجِ تحسین پیش کیا گیا ۔پاکستان میں یوم بحریہ ہر سال 8 ستمبر کو پاک بھارت جنگ میں پاک بحریہ کے ناقابل فراموش کردار کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ یوم بحریہ کے موقع پر 1965ءکی جنگ کےدوران بحری جنگجوؤں کی بہادری کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ یومِ بحریہ کا آغاز قرآن خوانی اور شہداء کیلئے خصوصی دعاؤں سے کیاگیا، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یادگارِ شہداء پر پھول رکھےاور شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات کی جس دوران قربانیوں اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کیا ۔
یوم بحریہ کے موقع پر نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ آپریشن سوم ناتھ نے محدود وسائل کے باوجود فیصلہ کن نتائج حاصل کرنے کی صلاحیت ثابت کی، آپریشن سوم ناتھ کے دوران قائم جرات اور عزم کی میراث آج بھی برقرار ہے، معرکہ حق میں بھارتی بحریہ کیخلاف پاک بحریہ کی کامیابی اسی عزم کامظہر ہے۔















