ملائیشیا میں فلائنگ ڈاکٹر سروس کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار

Untitled-1

کوالالمپور: ملائیشیا کی ریاست سراواک میں فلائنگ ڈاکٹر سروس کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، جس میں پائلٹ اور طبی عملے سمیت 5 افراد سوار تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق حادثہ جزیرہ بورنیو کے قریب واقع ریاست سراواک میں ایک ہوائی اڈے کے نزدیک پیش آیا۔ ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد مکمل طور پر تباہ ہوگیا، تاہم حکام کی جانب سے فوری طور پر کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی گئی۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ملائیشیا کے وزیر صحت ذوالکفلی احمد نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ہیلی کاپٹر میں ایک پائلٹ کے علاوہ وزارت صحت سے وابستہ طبی عملہ موجود تھا، جس میں ایک طبی افسر، ایک معاون طبی افسر اور نرسیں شامل تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد امدادی اداروں نے فوری کارروائی شروع کردی، تاہم تاحال ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کی حالت اور حادثے کی اصل وجہ کے بارے میں حتمی معلومات سامنے نہیں آسکیں۔

وزارت صحت کے حکام کے مطابق فائر بریگیڈ اور طبی اداروں کی ٹیمیں جائے حادثہ پر تلاش اور امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے حوالے سے مزید معلومات امدادی کارروائیوں میں پیش رفت اور متاثرہ افراد کی صورتحال واضح ہونے کے بعد سامنے آنے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ ملائیشیا میں فلائنگ ڈاکٹر سروس کے ذریعے ان علاقوں تک طبی سہولیات پہنچائی جاتی ہیں جہاں عام طبی مراکز تک رسائی دشوار ہوتی ہے۔ یہ سروس بالخصوص دیہی اور دور دراز علاقوں میں ہنگامی طبی امداد، علاج اور دیگر ضروری طبی خدمات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top