جنوبی لبنان: اسرائیلی حملوں میں 2 بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق لبنان کی وزارتِ صحت نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی فضائیہ نے گزشتہ روز جنوبی لبنان کے ایک گاؤں پر 2 فضائی حملے کیے، جن کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوئے۔
وزارتِ صحت کے مطابق ایک حملہ رہائشی عمارت پر کیا گیا، جس میں 2 بچوں اور 4 خواتین سمیت 11 افراد جاں بحق ہوئے، جبکہ حملے میں 3 بچوں اور ایک پیرا میڈک سمیت 8 افراد زخمی بھی ہوئے۔
وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ دوسرا حملہ گاؤں میں ایک کار کو نشانہ بنا کر کیا گیا، جس میں ’لبنانی اسلامک رسالہ اسکاؤٹ ایسوسی ایشن‘ سے وابستہ ایک پیرا میڈک جاں بحق اور 2 افراد زخمی ہوگئے۔
علاوہ ازیں نباتیہ میں لائیو کوریج کے دوران ایک صحافی کے قریب میزائل حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں رپورٹر اور کیمرہ مین زخمی ہوگئے۔















