واٹس ایپ نے اپنے اسٹیٹس کے صارفین کے لیے ایک نئی سہولت متعارف کرانے کی تیاری شروع کردی ہے، جس کے تحت اب اسٹیٹس میں پہلے کے مقابلے میں زیادہ طویل موسیقی شامل کی جاسکے گی۔
واٹس ایپ اسٹیٹس میں فی الحال صارفین اپنی تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ موسیقی بھی شامل کرسکتے ہیں، تاہم اس کے لیے موسیقی کے حصے کا دورانیہ 15 سیکنڈ تک محدود ہے۔ نئی سہولت کے بعد یہ حد بڑھا کر 30 سیکنڈ کردی جائے گی۔
ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ واٹابیٹاآنفو کے مطابق موسیقی کے طویل حصے کو اسٹیٹس میں شامل کرنے کی سہولت اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں نظام استعمال کرنے والے صارفین کے لیے متعارف کرائی جارہی ہے۔
اس تبدیلی کے بعد صارفین اپنے پسندیدہ گانوں کے زیادہ طویل حصے کو اسٹیٹس کا حصہ بنا سکیں گے۔ موجودہ 15 سیکنڈ کی حد بعض گانوں کے لیے ناکافی ثابت ہوتی ہے، خصوصاً ایسے گانوں میں جن کے اہم یا پسندیدہ حصے 15 سیکنڈ سے زیادہ طویل ہوں۔
نئی سہولت کے تحت 30 سیکنڈ تک کا موسیقی کا حصہ اسٹیٹس میں شامل کیا جاسکے گا، جس سے صارفین کو اپنی تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ موسیقی کے انتخاب میں مزید آزادی ملے گی۔ اسٹیٹس کے عمومی دورانیے کے ساتھ بھی 30 سیکنڈ کا موسیقی کا حصہ زیادہ بہتر مطابقت رکھ سکے گا۔
رپورٹ کے مطابق یہ سہولت فی الحال واٹس ایپ کے محدود صارفین کے لیے دستیاب کی گئی ہے اور تمام صارفین کو ایک ساتھ فراہم نہیں کی گئی۔ کمپنی کی جانب سے مرحلہ وار اس سہولت کو مزید صارفین تک پہنچایا جائے گا۔
امکان ہے کہ آزمائشی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد 30 سیکنڈ تک طویل موسیقی شامل کرنے کی سہولت وسیع پیمانے پر دستیاب کردی جائے گی، تاہم تمام صارفین تک اس کی رسائی میں کچھ وقت لگ سکتا ہے۔















