ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستانی فاسٹ بولنگ کا معیار تیزی سے گرنے لگا

pakistantestcricket

ٹیسٹ کرکٹ میں ایک زمانے میں دنیا بھر میں دھاک بٹھانے والے پاکستانی فاسٹ بولرز اب اپنی پرانی ساکھ کھو چکے ہیں، جس کے باعث قومی ٹیم کو میدان میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے 2022 سے اب تک کے اعداد و شمار انتہائی تشویشناک ہیں۔

عالمی کرکٹ میں پاکستان کی شناخت ہمیشہ ایک ایسی ٹیم کے طور پر رہی جس کے پاس دنیا کے تیز ترین اور مہلک فاسٹ بولرز موجود تھے، مگر اب صورتحال بدل چکی ہے اور حالیہ برسوں میں قومی فاسٹ بولرز کی کارکردگی کا گراف تیزی سے نیچے کی جانب گرا ہے۔

موجودہ اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ کم از کم 10 ٹیسٹ میچ کھیلنے والی ٹیموں میں پاکستان کی کارکردگی سب سے زیادہ مایوس کن رہی ہے۔ پاکستان نے 32 میچوں میں 239 وکٹیں حاصل کی ہیں، جن میں فاسٹ بولرز کی اوسط 35.53 اور اسٹرائیک ریٹ 59.3 رہا ہے۔

یہ اسٹرائیک ریٹ عالمی سطح پر تمام بڑی ٹیموں کے مقابلے میں سب سے کمزور ہے۔ ماہرین کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں 59.3 کا اسٹرائیک ریٹ اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ پاکستانی بولرز مخالف بیٹرز کو آؤٹ کرنے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں اور میچوں میں جلد وکٹیں لینے سے قاصر ہیں۔

اگر 20 ٹیسٹ میچ کھیلنے والی  9 ٹیموں کا موازنہ کیا جائے تو پاکستان کی مجموعی بولنگ اوسط 34 رہی ہے، جس کے ساتھ پاکستان آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔ دوسری جانب جنوبی افریقہ کے فاسٹ بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 23.78 کی بہترین اوسط کے ساتھ سرفہرست جگہ بنائی ہے۔

پاکستانی فاسٹ بولنگ اٹیک اپنی رفتار اور مہارت، دونوں ہی حوالوں سے ماضی کے عظیم پاکستانی بولرز کے مقابلے میں کافی پیچھے نظر آتا ہے۔ کرکٹ مبصرین کا کہنا ہے کہ ٹیم کی یہ پسپائی کرکٹ حلقوں میں بحث کا موضوع بنی ہوئی ہے اور اصلاح کی ضرورت ہے۔

پاکستان کے بعد صرف بنگلا دیش کا ریکارڈ پاکستانی بولرز سے کچھ بہتر ہے، تاہم مجموعی طور پر اسٹرائیک ریٹ کے اعتبار سے پاکستانی پیسرز کی کارکردگی سب سے زیادہ تنقید کی زد میں ہے۔ اب ٹیم انتظامیہ کو اس سنجیدہ مسئلے پر فوری توجہ دینے اور نئی حکمت عملی اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top