پاکستانی 13 سالہ مارشل آرٹس اسٹار نے بھارتی کھلاڑی کو ہرا کر عالمی ریکارڈ بنا دیا

pakistani-martial-arts-fatima-naseem-awards-record

کراچی: پاکستان کی 13 سالہ مارشل آرٹس اسٹار فاطمہ نسیم نے بھارتی کھلاڑی کو شکست دے کر اپنے 10 عالمی ریکارڈ مکمل کر لیے ہیں۔

اس شاندار کامیابی کے ساتھ فاطمہ پاکستان کے لیے 10 عالمی ریکارڈ بنانے والی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں جو کہ ایک اعزاز ہے۔

فاطمہ نسیم نے ہاتھوں میں انڈے پکڑ کر ایک منٹ میں 340 پنچز لگا کر بھارتی کھلاڑی دیبیاجوتی سرکار کا 331 پنچز کا ریکارڈ توڑا ہے۔ اس کامیابی کے بعد گنیز ورلڈ ریکارڈز نے فاطمہ کا اسٹریچنگ کیٹیگری میں بھی ایک نیا عالمی ریکارڈ باقاعدہ طور پر تسلیم کر لیا ہے۔

اسٹریچنگ کیٹیگری کے اس عالمی ریکارڈ میں فاطمہ نے 2 کرسیوں کے درمیان ایک منٹ 45 سیکنڈ تک بیلنس برقرار رکھا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ایک منٹ 30 سیکنڈ کا تھا جسے فاطمہ نے اپنی محنت اور مہارت سے توڑ کر پاکستان کے نام ایک اور بڑی کامیابی درج کی۔

فاطمہ نسیم اس سے قبل بھی 4 بھارتی کھلاڑیوں کو شکست دے چکی ہیں جبکہ وہ دنیا کی مشہور لچکدار ایتھلیٹ لبرٹی باروس کا ریکارڈ بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔ فاطمہ نے جرمنی کی مارشل آرٹس ایتھلیٹ پالینا گلیبووا اور بھارتی ایتھلیٹ کرن یونیال کے ریکارڈز کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

یہ بات انتہائی افسوسناک ہے کہ فاطمہ نسیم کو اب تک حکومتی سطح پر کوئی باقاعدہ سرپرستی حاصل نہیں ہو سکی ہے۔ اس کے باوجود یہ باصلاحیت کھلاڑی مسلسل عالمی ریکارڈ ہولڈرز کو شکست دے کر اپنی اور ملک کی پہچان دنیا بھر میں مستحکم کرنے میں مصروف عمل ہے۔

فاطمہ کا خاندان بھی عالمی ریکارڈز کے حوالے سے ایک منفرد مقام رکھتا ہے۔ ان کے والد، والدہ، دادا اور بھائی بھی گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈرز ہیں اور یہ پوری فیملی اب تک 180 سے زائد عالمی ریکارڈز پاکستان کے نام کر چکی ہے جو کہ ایک عالمی مثال ہے۔

فاطمہ کے والد نسیم نے بھی انفرادی طور پر 165 عالمی ریکارڈز اپنے نام کیے ہیں۔ یہ پورا خاندان حکومتی مدد کے بغیر اپنی مدد آپ کے تحت عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کرنے کے مشن کو انتہائی عزم و استقلال کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top