نئی دہلی میں 5 منزلہ نجی ہاسٹل کی عمارت اچانک منہدم ہونے کے نتیجے میں 7 طلبہ ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
بھارتی حکام کے مطابق حادثہ جنوبی دلی میں پیش آیا جہاں ہاسٹل کی عمارت گرنے کے بعد امدادی کارروائی فوری طور پر شروع کردی گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے ملبے سے مزید 2 لاشیں نکال لیں، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 7 ہوگئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کارروائی کے دوران اب تک 11 افراد کو بحفاظت ملبے سے نکال لیا گیا ہے، تاہم عمارت کے ملبے تلے مزید 30 سے 50 طلبہ کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔ امدادی ٹیمیں ملبے کو ہٹا کر متاثرہ افراد کی تلاش میں مصروف ہیں اور ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق عمارت کے تہہ خانے میں پانی جمع ہونے کے باعث وہاں مرمتی کام کیا جا رہا تھا، جسے عمارت کے اچانک گرنے کی ممکنہ وجہ قرار دیا جارہا ہے۔ حکام کی جانب سے حادثے کی اصل وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔
حادثے کے بعد سوشل میڈیا پر ہاسٹل کی عمارت کے منہدم ہونے کی ایک منظر کشی کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمارت اچانک زمین بوس ہوتی ہے، جبکہ قریب موجود ایک دکاندار عمارت گرتے ہی اپنی جان بچانے کے لیے وہاں سے بھاگ جاتا ہے۔
امدادی کارروائی کے دوران ملبے سے مزید افراد کے زندہ ملنے کی امید ظاہر کی جارہی ہے، جبکہ حکام نے متاثرہ علاقے میں امدادی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔















