حیدرآباد: چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ دھرتی ماں پاکستان ہے جو ناقابلِ تقسیم ہے، جبکہ باقی تمام اکائیاں انتظامی یونٹس ہیں۔
حیدرآباد میں یومِ دفاع و شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اقتدار ایک جاگیردار سے نکل کر دوسرے جاگیردار کے پاس آکر پھنس چکا ہے، جب فیصلے نہیں آتے تو سڑکوں پر فیصلے ہوتے ہیں اور ایم کیو ایم نے سڑکیں دیکھی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے سامنے یہ فیصلہ ہوجانا چاہیے کہ دھرتی ماں پاکستان ہے اور وہ ناقابلِ تقسیم ہے، جبکہ باقی تمام اکائیاں انتظامی یونٹس ہیں، ایم کیو ایم 18ویں ترمیم میں اس لیے شریک ہوئی کہ اگر وہ اس عمل کا حصہ نہ بھی بنتی تو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) ترمیم کرلیتی۔
دوسری جانب وفاقی وزیر مصطفیٰ کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال قبل پاکستانیوں کی کوئی قدر نہیں تھی، آج سپر پاورز اپنے مسائل کے حل کے لیے پاکستانی فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کی طرف دیکھ رہی ہیں۔
مصطفیٰ کمال نے دعویٰ کیا کہ پاکستان نے تیسری عالمی جنگ رکوانے میں کردار ادا کیا اور آج پاکستان سپر پاور کے ساتھ آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر عزت سے بات کرتا ہے















