کراچی: لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں کپڑوں کی فیکٹری میں اچانک بھڑکنے والی شدید آگ نے عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے نتیجے میں دھویں کے باعث 3 افراد کی حالت غیر ہوگئی، تاہم فیکٹری میں موجود تمام افراد کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ کی شدت کے باعث فیکٹری میں ہر طرف دھواں بھر گیا تھا، جس سے 3 افراد متاثر ہوئے۔ امدادی کارروائی کے دوران فیکٹری سے تمام افراد کو نکال لیا گیا، جبکہ متاثرہ افراد کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کو تیسرے درجے کی قرار دیا گیا ہے، جس کے باعث آگ پر قابو پانے کے لیے بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی جاری ہے۔ 16 فائر ٹینڈرز، پانی کے ٹینکر اور اسنارکل موقع پر موجود ہیں اور آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
شدید آگ کے باعث فیکٹری کی عمارت بھی مخدوش ہوگئی ہے، جس کے پیش نظر امدادی کارروائی میں اہلکار انتہائی احتیاط سے کام کررہے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جاسکے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی سندھ رینجرز کے جوان بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔ ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق رینجرز اہلکار فائر بریگیڈ اور ریسکیو عملے کے ساتھ مل کر امدادی سرگرمیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے رینجرز کے جوانوں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا، جبکہ اہلکاروں کی اولین ترجیح انسانی جانوں کا تحفظ اور آگ کو مزید پھیلنے سے روکنا ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ نے لانڈھی ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں کپڑوں کی فیکٹری میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں اور ضروری امدادی سامان فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچانے کی ہدایت کی ہے تاکہ آگ پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ فیکٹری کی عمارت میں موجود کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جاسکے۔















