اسلام آباد: پاکستان اور جاپان کے درمیان سندھ میں سیلاب سے تحفظ کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے منصوبے کے لیے گرانٹ معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ جاپان منصوبے کے لیے 2.58 ارب جاپانی ین کی گرانٹ فراہم کرے گا، جس کی مالیت تقریباً 16.4 ملین امریکی ڈالر بنتی ہے۔
وزارتِ اقتصادی امور کے مطابق گرانٹ کا مقصد سندھ میں سیلاب سے بچاؤ کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر اور مؤثر بنانا ہے جبکہ منصوبے سے سیلاب کے خطرات سے دوچار آبادیوں کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔
منصوبے کے تحت لاڑکانہ میں دریائے سندھ کے دائیں کنارے واقع اولڈ آباد بند کو بہتر اور مضبوط بنایا جائے گا۔ وزارتِ اقتصادی امور کے مطابق بند کی بہتری سے سیلابی خطرات کو کم کرنے اور علاقے میں موجود سیلاب سے تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
اس حوالے سے ہونے والی تقریب میں ایکسچینج آف نوٹس اور ریکارڈ آف ڈسکشن پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے دستخط کیے۔گرانٹ معاہدے پر ایڈیشنل سیکرٹری اقتصادی امور سبینہ قریشی اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے سینئر نمائندے سوگاوارا تاکایوکی نے دستخط کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے کہا کہ جاپان پاکستان کا دیرینہ اور قابلِ قدر ترقیاتی شراکت دار ہے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے جاپان کی مسلسل دوستی اور فراخدلانہ ترقیاتی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپان کا تعاون پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
محمد حمیر کریم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے جاپان کے پائیدار عزم کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ جاپان کی جانب سے مسلسل ترقیاتی معاونت پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔
اس موقع پر جاپانی سفیر اکاماتسو شوئچی نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، دونوں ممالک باہمی تعاون کے ذریعے عوامی فلاح اور ترقی کے مختلف شعبوں میں شراکت داری کو آگے بڑھا سکتے ہیں۔
وزارتِ اقتصادی امور کے مطابق سندھ میں سیلاب سے تحفظ کے اس منصوبے سے نہ صرف اہم حفاظتی انفراسٹرکچر کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی بلکہ سیلاب کے ممکنہ نقصانات سے مقامی آبادی کے تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی مجموعی صلاحیت میں بھی بہتری آئے گی۔















