واشنگٹن: امریکا میں اندرونِ ملک پرواز کے دوران ایک 67 سالہ مسافر نے شدید ہنگامہ آرائی کی، جس کے بعد دیگر مسافروں نے اسے سیٹ سے باندھ دیا۔
پولیس کے مطابق امریکی ایئرلائنز کی ڈلاس فورٹ ورتھ سے نیوارک جانے والی پرواز کے فرسٹ کلاس کیبن میں سفر کے دوران 67 سالہ آرتھر لنڈین اچانک مشتعل ہوگیا اور انتہائی جارحانہ رویہ اختیار کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مسافر نے نسل پرستانہ اور توہین آمیز جملے کسے، اپنے ساتھ بیٹھی خاتون مسافر کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کا لیپ ٹاپ بھی توڑ دیا۔ بیچ بچاؤ کی کوشش کرنے والے دیگر مسافروں کو بھی اس نے کاٹنے کی کوشش کی۔
فلائٹ اٹینڈنٹ کی جانب سے مسافر کو پرسکون کرنے کی کوشش ناکام ہونے اور اس کے جسمانی تشدد پر اتر آنے کے بعد طیارے میں موجود ایک ریٹائرڈ پولیس افسر اور دیگر مسافروں نے اسے قابو کرلیا۔ مسافر کو عملے کی فراہم کردہ ٹیپ اور رسیوں کی مدد سے سیٹ سے باندھ دیا گیا۔
واقعے کے باعث پائلٹ نے پرواز کا رخ تبدیل کرتے ہوئے طیارے کو واشنگٹن کے بالٹی مور ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتارا، جہاں پولیس اور ایف بی آئی اہلکاروں نے طیارے میں داخل ہوکر مسافر کو حراست میں لے لیا۔
پولیس نے گرفتار مسافر کی شناخت آرتھر لنڈین کے نام سے کی ہے۔ اس کے خلاف حملہ کرنے اور امن و امان میں خلل ڈالنے کے الزامات کے تحت مقدمہ چلایا جا رہا ہے۔















