کراچی: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ ایسے لوگ ان پر حکمران ہیں، ایک طرف بلاول زرداری کو خوش آمدید کہا جاتا ہے جبکہ دوسری جانب راستے میں کھڈے کھودے جاتے ہیں۔
کراچی میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ کے عوام نے انہیں عزت دی ہے اور انہوں نے ہمت کے ساتھ فسطائیت کا مقابلہ کیا ہے۔ کراچی میں تحریک انصاف کے کارکنوں کو گرفتار کیا جاتا ہے جبکہ پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ موجودہ اسمبلیاں غلط طریقے سے وجود میں آئی ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایک وزیراعلیٰ کہتی ہیں کہ پڑوسیوں سے خطرہ ہے جبکہ اسی وزیراعلیٰ کی جماعت کی وفاق میں بھی حکومت ہے، اس کا مطلب یہ ہے کہ اس جماعت کا بیانیہ ریاست کے خلاف ہے۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ معاملات بانی پی ٹی آئی کے دور میں بہتر تھے،ہم نے ان کی پالیسی پر تنقید کی تو کہتے ہیں افغانستان چلے جاؤ۔
انہوں نے اپنی ذاتی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بسوں اور رکشوں میں اسکول جایا کرتے تھے ،میں بانی پی ٹی آئی کا رشتے دار نہیں، نہ ارب پتی ہوں، فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آنے والے ہم پر تنقید کر رہے ہیں۔















