اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ فضائیہ کے موقع پر پاک فضائیہ کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ نے مئی 2025 میں افواج پاکستان کی دیگر سروسز کے ساتھ مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا اور معرکہ حق میں جرأت مندانہ اور غیرمعمولی جنگی مہارت کا ثبوت دیا۔
7 ستمبر 1965 کی جنگ کے دوران لڑے جانے والے فضائی معرکے کی یاد میں آج ملک بھر میں یومِ فضائیہ منایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فضائیہ نے کئی دہائیوں پر محیط فضائی معرکوں میں اپنی مہارت اور برتری کا لوہا منوایا ہے۔ یہ ممتاز ادارہ قربانی، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی قابلِ فخر تاریخ رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ قوم کی پکار پر بے مثال جرأت اور بہادری کے ساتھ لبیک کہا۔ ستمبر 1965 میں ملکی فضائی حدود کے دفاع کے لیے پاک فضائیہ کے عزم اور جذبے نے اسے فضاؤں میں کامیابی سے ہمکنار کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے شاہینوں نے مادرِ وطن کے دفاع کی خاطر اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، عظیم شہدا کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا پوری قوم کے لیے اعزاز ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مئی 2025 میں پاک فضائیہ نے افواج کی دیگر سروسز کے ساتھ مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا۔ معرکۂ حق کے دوران پاک فضائیہ نے جرأت مندانہ اور غیرمعمولی جنگی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہترین منصوبہ بندی اور کثیرالجہتی جنگی صلاحیتوں کے ذریعے دشمن کا مقابلہ کیا۔
وزیراعظم نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ کامیابیوں اور ترقی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ پاک فضائیہ ہمیشہ کی طرح ہر چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار رہے گی۔ قوم کو فخر ہے کہ پاک فضائیہ نے تعداد میں کم ہوتے ہوئے بھی دشمن کا بھرپور مقابلہ کیا۔















