حق اور انصاف کی شاندار فتح

رپورٹ: طفیل احمد میمن
مہران شوگر ملز کے ایک ورکر محمد رفیق ملک کو مل انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر 2023ء کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا تھا۔ اپنے حق اور روزگار کی بحالی کے لیے محمد رفیق ملک نے لیبر کورٹ نمبر 6 حیدرآباد سے رجوع کیا اور ملازمت پر بحالی سمیت اپنے تمام قانونی بقایاجات کے حصول کے لیے کیس دائر کیا۔ اس قانونی جنگ میں ان کی نمائندگی سپریم کورٹ کے معتبر، نامور اور قابل وکیل محترم ممتاز عالم لغاری نے کی۔ انہوں نے اپنی بھرپور قانونی مہارت، محنت، تجربے اور مضبوط دلائل کے ذریعے حقائق کو معزز عدالت کے سامنے پیش کیا اور لیبر کورٹ سے محمد رفیق ملک کے حق میں فیصلہ حاصل کیا۔ بعد ازاں مل انتظامیہ نے اس فیصلے کے خلاف سندھ لیبر اپیل ایٹ ٹربیونل میں اپیل دائر کی، لیکن مورخہ 3 ستمبر 2026ء کو ایک مرتبہ پھر حق اور انصاف کی فتح ہوئی۔ محترم ممتاز عالم لغاری کی مؤثر قانونی پیروی اور مضبوط دلائل کے نتیجے میں معزز عدالت نے مل انتظامیہ کی اپیل خارج کرتے ہوئے محمد رفیق ملک کو ملازمت پر بحال کرنے اور ان کے تمام قانونی بقایاجات ادا کرنے کے احکامات صادر فرمائے۔یہ صرف ایک فرد کی کامیابی نہیں بلکہ حق، قانون اور انصاف کی کامیابی ہے۔ یقینا اس فیصلے سے ان تمام محنت کشوں اور ملازمین کو ہمت، حوصلہ اور امید ملے گی جن کے مقدمات اس وقت لیبر سے وابسطہ مختلف معزز عدالتوں میں زیرِ سماعت ہیں۔ یہ فیصلہ اس بات کا واضح پیغام ہے کہ اگر انسان اپنے حق کے لیے ثابت قدم رہے اور قانونی جدوجہد جاری رکھے تو بالآخر انصاف کی راہ ضرور ہموار ہوتی ہے۔ میں دلی طور پر محمد رفیق ملک کو اس اہم قانونی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ساتھ ہی ممتاز عالم لغاری (ایڈووکیٹ سپریم کورٹ) کو ان کی شاندار قانونی خدمات، حق کی حمایت اور محنت کش طبقے کے لیے مؤثر جدوجہد پر زبردست خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔

مزید خبریں

Scroll to Top