نیشنل لیبر کونسل کا اہم اجلاس ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے دفتر میں منعقد ہوا، جس میں ملک میں مزدوروں کے حقوق، صنعتی تعلقات، محنت کش طبقے کو درپیش مسائل اور مزدور تحریک کو درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیبر ایجوکیشن اینڈ ریسرچ (پائلر) کے ڈائریکٹر عباس علی، سینئر مزدور رہنما حبیب جنیدی، نیشنل ٹریڈ یونین فیڈریشن (این ٹی یو ایف) کے جنرل سیکرٹری ناصر منصور، پاکستان فیڈریشن آف کیمیکل، انرجی، مائنز اینڈ جنرل
ورکرز یونین (پی سی ای ایم) کے جنرل سیکرٹری عمران علی، صدر محمد سیلم اور ورکرز ایجوکیشن اینڈ ریسرچ آرگنائزیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار علی، کراچی یونین آف جرنلسٹس کے نمائندگان، مزدور محاذ عمل کے مرزا مقصود اور دیگر مزدور و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔
شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ مزدوروں کے بنیادی حقوق، آزادی انجمن، اجتماعی سودے کاری، روزگار کا تحفظ، اجرتوں میں بہتری اور محفوظ و صحت مند کام کی جگہوں کے لیے مشترکہ جدوجہد کو مزید منظم اور مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ نیشنل لیبر کونسل مزدوروں کے حقوق کے تحفظ اور ملک میں ایک مضبوط، متحد اور جمہوری مزدور تحریک کے فروغ کے لیے مختلف مزدور تنظیموں اور سول سوسائٹی کے ساتھ مل کر اپنا کردار جاری رکھے گی۔















