موسمیاتی شدت اب ایک مستقل حقیقت بنتی جا رہی ہے، ایسے میں سوال یہ ہے کہ اس بظاہر نئے معمول کے مطابق خود کو کیسے ڈھالا جائے؟ جرمنی کے کیل جیسے شہر اس مقصد کے لیے نئے طریقے آزما رہے ہیں۔ موسمیاتی تحفظ اور موافقت کے اقدامات ہمیشہ ایک دوسرے سے ہم آہنگ نہیں ہوتے۔ مثلاً گھروں، ڈے کیئر مراکز یا بزرگوں کے مراکز میں زیادہ بجلی استعمال کرنے والے ایئر کنڈیشننگ نظام نصب کرنا ہیٹ ویوز کے دوران حساس افراد کو تحفظ دے سکتا ہے، لیکن اس سے توانائی کی کھپت بڑھ جاتی ہے، جو موسمیاتی تحفظ کے اہداف کے خلاف جا سکتی ہے۔ اگرچہ بعض مواقع پر ایئر کنڈیشننگ ناگزیر ہو گی، تاہم کیل شہر ایسے حل تلاش کر رہا ہے، جو قدرتی طریقوں سے شہر کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد دیں۔ شہر میں عمارتوں کے بیرونی حصوں پر سبزہ اور پودے لگائے جا رہے ہیں، جبکہ ایک پارک کو اس انداز میں دوبارہ ڈیزائن کیا جا رہا ہے کہ ٹھنڈی ہوا شہر کے مرکزی علاقے تک پہنچ سکے۔ شہریوں کے لیے موسمیاتی موافقت کے منصوبوں سے متعلق اجازت نامے، معلومات اور مالی معاونت حاصل کرنا بھی آسان بنایا جا رہا ہے۔ یہ جرمن شہر یہ بھی جانچ رہا ہے کہ مستقبل کے موسمیاتی حالات میں درختوں کی کون سی اقسام بہتر طور پر زندہ رہ سکتی ہیں۔ تقریباً ایک دہائی قبل کیل میں 20 مختلف اقسام کے پانچ پانچ درخت لگائے گئے تھے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ کون سی اقسام شدید گرمی، خشک سالی اور بحیرہ بالٹک سے آنے والی نمکین ہواؤں کو بہتر طور پر برداشت کر سکتی ہیں، کیونکہ موسمیاتی حالات میں تبدیلی کے ساتھ ہر قسم کے درختوں کا زندہ رہنا ممکن نہیں ہوتا۔















