اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی دارالحکومت کے مستقبل کا نیا انتظامی نقشہ وزیر اعظم کے سامنے پیش کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے مستقبل کے انتظامی ڈھانچے سے متعلق مجوزہ ڈرافٹ کو جائزہ لینے کے لیت وزیر اعظم کو پیش کیا گیا۔ اسی طرح اعلیٰ سطح کی خصوصی کمیٹی نے مجوزہ ڈرافٹ وزیر اعظم کو پیش کیا، جس میں وفاقی دارالحکومت کے لیے 27 رکنی اسمبلی قائم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ مجوزہ منصوبے کے تحت اسلام آباد کی اپنی اسمبلی، چیف ایگزیکٹو اور 27 انتظامی محکمے ہوں گے، اسمبلی کے 21 ارکان براہ راست عوام کے ووٹ سے منتخب کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ دوسری جانب مجوزہ ڈرافٹ میں یہ بھی سفارش کی گئی کہ قومی اسمبلی کے ہر حلقے سے اسلام آباد اسمبلی کی 7 نشستیں رکھی جائیں۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے نئے انتظامی ڈھانچے سے متعلق تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔















