پی ٹی آئی والے کراچی آنا چاہتے ہیں تو آجائیں، پاکستان کے خلاف کوئی بات نہیں ہوگی، مرتضیٰ وہاب

murtazawahab

کراچی: میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دوست کراچی آنا چاہتے ہیں تو آجائیں، انہیں کسی سے کوئی اختلاف نہیں، ایک بات واضح ہے کہ پاکستان کے خلاف کوئی بات نہیں ہوگی۔

گزری میں کمیونٹی سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ انہیں پاکستان تحریک انصاف کے لوگوں سے کوئی ذاتی اختلاف نہیں، سیاسی سرگرمیاں ہر جماعت کا حق ہیں، شہر میں کسی بھی سیاسی سرگرمی کے دوران انتظامیہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جب کسی سیاسی جماعت کا جلسہ یا کوئی بڑا مجمع ہوتا ہے تو انتظامیہ سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے لیے اپنا کردار ادا کرتی ہے، پیپلزپارٹی کا جلسہ ہو تب بھی انتظامیہ کی جانب سے کنٹینرز سمیت مختلف انتظامات کیے جاتے ہیں، اس لیے پی ٹی آئی کے لوگوں کے کراچی آنے پر بھی انتظامیہ اپنے فرائض انجام دے گی۔

میئر کراچی نے واضح کیا کہ کراچی میں سیاسی سرگرمیوں کے لیے کسی جماعت سے امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا، ملک کے خلاف کسی قسم کی بات یا سرگرمی کی اجازت نہیں دی جا سکتی، سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن پاکستان کی سالمیت اور استحکام سب کے لیے مقدم ہونا چاہیے۔

کمیونٹی سینٹرز کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں کمیونٹی سینٹرز بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، معاشرے میں صاحب حیثیت اور بڑے لوگ اپنے پروگراموں کے لیے بڑے بڑے لان اور دیگر مقامات حاصل کرلیتے ہیں لیکن عام آدمی کے لیے ایسی سہولتیں محدود ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی حکومت عام شہریوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بڑے پیمانے پر کمیونٹی سینٹرز کی تعمیر پر کام کر رہی ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں مزید کمیونٹی سینٹرز بنائے جائیں گے تاکہ شہری شادی بیاہ، سماجی تقریبات اور دیگر پروگرام مناسب اور قابل رسائی مقامات پر منعقد کرسکیں۔

میئر کراچی کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کا واحد بڑا شہر کراچی ہے جہاں بلدیاتی حکومت فعال ہے اور شہری مسائل کے حل کے لیے کام کررہی ہے، بلدیاتی نظام کو مضبوط بنا کر ہی شہر کے مسائل مستقل بنیادوں پر حل کیے جاسکتے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے ماضی کی انتظامی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے کراچی کا بیڑا غرق کیا، آج وہی شہر کے لیے الگ انتظامی یونٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں، کراچی کے مسائل کا حل انتظامی تقسیم کے بجائے مؤثر بلدیاتی نظام، اختیارات کی منتقلی اور شہری سہولتوں میں بہتری کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے، کراچی کے شہریوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی، عوامی مقامات میں اضافے اور شہر کے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبریں

Scroll to Top