راولپنڈی: یوم دفاع پاکستان 6ستمبر کے موقع پر مسلح افواج نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک کی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
پاک فوج کےشعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور شہدا کے خاندانوں کی استقامت قومی طاقت اور فخر کا سرچشمہ رہیں گے۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف دی ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا اور پاکستان کی مسلح افواج نے 61ویں یوم دفاع و شہداء کے موقع پر پاکستان کے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیے میں مسلح افواج نے غازیوں اور شہداء کے اہلخانہ کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ 6 ستمبر قومی اتحاد، بہادری اور غیر متزلزل عزم کی ایک لازوال علامت ہے۔ 6 ستمبراس بات کی یاد دلاتا ہے کہ 1965 کی جنگ کے دوران پاکستانی قوم نے مادر وطن کے دفاع کے لیے متحد ہو کر دشمن کا مقابلہ کیا۔ پاکستان کے شہداء عزت، فرض شناسی اور قربانی کے اعلیٰ ترین اصولوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ملک کی خودمختاری، جغرافیائی سالمیت اور قومی مفادات کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں جبکہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کا خواہاں ہے اور ذمہ دارانہ طرز عمل اور پُرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے تاہم امن کے اس عزم کو ہرگز کمزوری نہ سمجھا جائے۔
مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں، غازیوں کا جذبہ اور شہداء کے خاندانوں کی استقامت ہمیشہ قومی طاقت اور فخر کا سرچشمہ رہیں گے جبکہ قوم کے ساتھ متحد ہو کر اپنی مقدس ذمہ داریاں عزت، پیشہ ورانہ مہارت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ادا کی جائیں گی۔















