جنوبی لبنان کے علاقے نبطیہ الفوقا میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملے کے نتیجے میں گاندور اسپتال مکمل طور پر تباہ ہوگیا، جس کے بعد اسپتال کی عمارت ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی ہے۔ حملے کے باعث علاقے میں شہری اور طبی تنصیبات کے تحفظ کے حوالے سے ایک بار پھر شدید خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائی حملے کے وقت اسپتال کے اندر کوئی مریض یا طبی عملہ موجود نہیں تھا، جس کے باعث حملے میں جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی،بمباری کے نتیجے میں اسپتال کی عمارت کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا اور اس کا بیشتر ڈھانچہ مکمل طور پر منہدم ہوگیا۔
آن لائن جاری کی جانے والی تصاویر اور ویڈیوز میں حملے کے بعد گاندور اسپتال کی تباہ شدہ عمارت کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔ تصاویر میں اسپتال کی جگہ بڑی مقدار میں ملبہ بکھرا ہوا نظر آتا ہے جبکہ عمارت کے متعدد حصے زمین بوس ہوچکے ہیں۔ حملے کی شدت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اسپتال کا بنیادی ڈھانچہ تقریباً مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے دوران اسرائیل کی جانب سے حملے کیے گئے۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے مبینہ ڈرون حملے کے جواب میں کارروائی کی دھمکی دی تھی، جس کے بعد علاقے میں فضائی کارروائیاں تیز ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی حملوں کے باعث پہلے ہی شہری آبادی کو شدید خطرات کا سامنا ہے جبکہ طبی مراکز اور دیگر بنیادی شہری تنصیبات کی صورتحال بھی تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے۔ گاندور اسپتال کی تباہی سے علاقے میں صحت کی سہولیات پر پڑنے والے دباؤ میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے، بالخصوص ایسے وقت میں جب مسلسل کشیدگی کے باعث زخمیوں اور متاثرہ افراد کو طبی امداد کی ضرورت پیش آسکتی ہے۔
اسپتال کی مکمل تباہی نے طبی مراکز اور شہری بنیادی ڈھانچے کے تحفظ سے متعلق سوالات بھی اٹھا دیے ہیں۔ جنگی حالات میں اسپتالوں کو محفوظ مقامات تصور کیا جاتا ہے، جنوبی لبنان میں جاری فوجی کشیدگی کے باعث طبی اور شہری تنصیبات بھی متاثر ہورہی ہیں۔
دوسری جانب اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان حالیہ کشیدگی نے جنوبی لبنان میں ایک مرتبہ پھر صورتحال کو انتہائی حساس بنا دیا ہے۔ فریقین کی جانب سے ایک دوسرے پر حملوں اور جوابی کارروائیوں کے الزامات کے بعد خطے میں مزید کشیدگی کے خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ جنوبی لبنان کے متعدد علاقوں میں اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کے باعث مقامی آبادی پہلے ہی خوف اور غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔ اسپتال کی عمارت کے تباہ ہونے سے علاقے میں طبی سہولیات کی دستیابی بھی متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ مقامی سطح پر شہریوں کی حفاظت اور بنیادی خدمات کی بحالی کے حوالے سے تشویش بڑھ گئی ہے۔















