ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ تیز اور دردناک ہوگا: باقر قالیباف

Baqir-Qalibaf

تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئی جارحیت کی صورت میں جواب پہلے کے مقابلے میں زیادہ تیز، شدید اور تکلیف دہ ہوگا۔

غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا اب اس حقیقت سے آگاہ ہوچکا ہے کہ ایران کی جانب سے محدود یا متناسب ردعمل کا مرحلہ ختم ہوچکا ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے واضح کیا کہ آئندہ ایران کے خلاف کسی بھی حملے کو سابقہ طرز پر جواب نہیں دیا جائے گا بلکہ تہران کی جانب سے اس کا زیادہ سخت انداز میں جواب دیا جائے گا۔

قالیباف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی بدستور برقرار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان جاری تنازع نے خطے کی سلامتی کی صورتحال پر بھی گہرے اثرات مرتب کیے ہیں۔

ایرانی عہدیدار کے بیان سے عندیہ ملتا ہے کہ تہران کسی ممکنہ نئے حملے کی صورت میں اپنی جوابی حکمت عملی مزید سخت کرنے پر غور کررہا ہے اور آئندہ کسی بھی جارحیت کا جواب پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ دینے کی پالیسی اختیار کرسکتا ہے۔

دوسری جانب ایران اور امریکا کے درمیان موجودہ کشیدگی کے باعث خطے میں وسیع تر فوجی تصادم کے خدشات بھی بدستور موجود ہیں۔ ایسے حالات میں ایرانی قیادت کی جانب سے سخت ردعمل کی دھمکی نے دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ صورتحال کو مزید نمایاں کردیا ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top