امریکا میں ایک شخص کو سالگرہ کے موقع پر دوست کی جانب سے ملنے والے لاٹری ٹکٹ نے اچانک لاکھوں ڈالر کا مالک بنا دیا، معمولی سا تحفہ اس وقت زندگی کا یادگار ترین تحفہ بن گیا جب ٹکٹ پر 10 لاکھ ڈالر کا انعام نکل آیا۔
غیر ملکی خبر رساں ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ریاست الینوائے کے شہر بریڈوُوڈ سے تعلق رکھنے والے خوش نصیب شخص نے بتایا کہ ان کی اہلیہ نے ان کی سالگرہ کے موقع پر ایک بڑی تقریب کا اہتمام کیا تھا، جس میں قریبی دوست اور رشتہ دار شریک ہوئے۔
بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق سالگرہ کی تقریب کے دوران ایک دوست نے انہیں تحفے کے طور پر ایک لفافہ پیش کیا۔ لفافہ کھولنے پر اس میں کئی لاٹری ٹکٹ موجود تھے، جنہیں انہوں نے عام تحفہ سمجھ کر رکھ لیا اور اس بات کا ذرا بھی اندازہ نہیں تھا کہ انہی ٹکٹوں میں سے ایک ان کی قسمت بدلنے والا ہے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان ٹکٹوں میں شامل ایک ٹکٹ 8 اگست کو ہونے والی قرعہ اندازی کا تھا۔ مذکورہ ٹکٹ نے 45، 36، 26، 22، 17 اور 11 نمبروں سے مطابقت حاصل کی اور یوں اس نے 10 لاکھ ڈالر کا بڑا انعام جیت لیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ خوش نصیب شخص کو ابتدا میں اپنے ٹکٹ کے بڑے انعام جیتنے کا یقین ہی نہیں آیا۔ انہوں نے تصدیق کے لیے ٹکٹ ایک دوست کو دکھایا، تاہم دوست نے بھی اسے غلط انداز میں چیک کرتے ہوئے بتایا کہ ٹکٹ پر صرف 1 ہزار ڈالر کا انعام نکلا ہے۔
یہ سن کر بھی وہ مایوس نہیں ہوئے بلکہ ان کا کہنا تھا کہ 1 ہزار ڈالر بھی معمولی رقم نہیں اور ویسے بھی سالگرہ کا دن پہلے ہی ان کے لیے بہت خوشگوار گزر رہا تھا۔
تاہم معاملہ اس وقت مکمل طور پر بدل گیا جب ٹکٹ کی دوبارہ جانچ کی گئی اور معلوم ہوا کہ انعام 1 ہزار ڈالر نہیں بلکہ پورے 10 لاکھ ڈالر ہے۔ یہ خبر سنتے ہی وہ حیرت اور خوشی سے دنگ رہ گئے۔
خوش نصیب شخص نے بتایا کہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ دوست کی جانب سے دیے گئے چند لاٹری ٹکٹوں میں سے کوئی ٹکٹ واقعی اتنی بڑی رقم جیت جائے گا۔
اس طرح سالگرہ کے موقع پر دوست کی جانب سے دیا گیا بظاہر ایک عام سا تحفہ ان کی زندگی کا ایسا غیر معمولی تحفہ بن گیا جس نے انہیں ایک ہی لمحے میں 10 لاکھ ڈالر کا مالک بنا دیا۔















