قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) چینی صدر شی جن پنگ نے مشرق وسطیٰ کے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ خطے کے معاملات میں بیرونی مداخلت کو مسترد کریں، شی جن پنگ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصر کے دورے پر موجود چینی صدر شی جن پنگ نے قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران چینی صدر نے مشرقِ وسطیٰ کے لیے 4 نکاتی حکمتِ عملی پیش کرتے ہوئے کہا کہ چین خطے میں امن اور استحکام کے لیے مذاکرات اور بات چیت کی حمایت کرتا ہے۔ ان کے مطابق فلسطین کا مسئلہ مشرقِ وسطیٰ کے تنازع کا بنیادی اور اہم معاملہ ہے۔ شی جن پنگ نے مشترکہ، جامع اور دیرپا سیکورٹی نظام کے قیام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک کو ترقی کے حصول کے لیے باہمی تعاون اور بین الاقوامی رابطوں کو مزید مضبوط بنانا چاہیے۔ چینی صدر نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کے عوام کو اپنے خطے کے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہیے اور بیرونی مداخلت کو مسترد کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اسرائیل تنازع کے مستقل حل کا بنیادی راستہ دو ریاستی حل پر عمل درآمد ہے، جس کے تحت فلسطینیوں اور اسرائیلیوں کے لیے الگ ریاستوں کے قیام کی حمایت کی جاتی ہے۔















