حیا ایک ایسی خوبصورت صفت ہے جو انسان کے کردار کو سنوارتی ہے، غزالہ زاہد

حیدرآباد (نمائندہ جسارت)ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد غزالہ زاہد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حجاب صرف ایک لباس کا نام نہیں، بلکہ یہ حیا، پاکیزگی، عزت اور اللہ تعالیٰ کی اطاعت کی علامت ہے۔ اسلام نے عورت کو حجاب دے کر اس کی آزادی چھیننے کے بجائے اسے عزت، تحفظ اور وقار عطا کیا ہے۔ حیا ایک ایسی خوبصورت صفت ہے جو انسان کے کردار کو سنوارتی ہے۔ عورت جب اپنے لباس، گفتگو، نگاہ اور طرزِ عمل میں حیا اختیار کرتی ہے تو وہ نہ صرف اپنے وقار کی حفاظت کرتی ہے بلکہ معاشرے میں پاکیزگی اور احترام کے فروغ کا ذریعہ بھی بنتی ہے۔آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم حجاب کو محض ایک رسم نہ سمجھیں بلکہ اسے اللہ تعالیٰ کے حکم اور اپنے وقار کی بے مثال پہچان کے طور پر اپنائیں۔ ہماری بیٹیاں اور بہنیں حجاب کو بوجھ نہیں بلکہ اپنے لیے عزت کا تاج سمجھیں حیا کمزوری نہیں، ایمان کی خوبصورت نشانی ہے اور حجاب پابندی نہیں، عورت کے وقار کے تحفظ کی علامت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم خود بھی حیا اور حجاب کو اپنائیں اور اپنی آنے والی نسلوں کو بھی اس کی خوبصورتی اور اہمیت کو سمجھائیں، تاکہ ہمارا معاشرہ پاکیزگی، عزت اور اسلامی اقدار کا آئینہ دار بن سکے۔

مزید خبریں

Scroll to Top