حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیدرآباد کے واسا ملازمین نے اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے حیدرآباد پریس کلب کے سامنے ذاکر اللہ، محمد ندیم، شاہد خان، جاوید بھٹی اور دیگر کی قیادت میں 64ویں روز بھی احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ملازمین اور ریٹائرڈ ملازمین اپنی ماہانہ تنخواہوں اور پنشن سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 20 ماہ سے تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین شدید مالی مشکلات کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریشن میں سی ای او، فنانس آفیسر اور من پسند سٹاف کو ہر ماہ تنخواہیں دی جاتی ہیں اور تمام مراعات حاصل کر رہے ہیں لیکن غیر فعال ملازمین کی تنخواہیں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن ادا نہیں کی جاتی جو کہ مزدور دشمن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ ہر ماہ کروڑوں روپے وصول کرنے کے باوجود غیر فعال ملازمین اپنے حقوق سے محروم ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیر بلدیات سے اپیل کی ہے کہ وہ معاملے کا نوٹس لیں اور زیر التواء تنخواہیں اور پنشن جلد ادا کریں اور ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی ختم کی جائے۔















