قاضی احمد(نمائندہ جسارت )یوسی ٹھٹھہ، دیہہ کنبھرو میں واقع گاؤں علی مراد چانڈیو چھاڑھ میں چانڈیو برادری اور سید برادری کے درمیان زمین کا تنازع کچھ عرصے سے جاری ہے۔ جس کے بعد دونوں فریقین نے حدود کے پولیس تھانے محراب راہو میں سردار حاکم علی نوحانی کے پاس تحریری فیصلہ جمع کرایا اور دونوں فریقین اس بات کے پابند ہوئے کہ فیصلے تک کوئی بھی فریق کسی قسم کی پیش قدمی نہیں کرے گا۔اس کے بعد یاسر شاہ فیصلے میں شریک نہ ہوئے۔ فیصلے کے امین کے پاس چانڈیو برادری پہنچی، تاہم سید برادری کی جانب سے یاسین شاہ شریک نہ ہوئے۔ جس کے بعد چانڈیو برادری نے فیصلے سے متعلق تحریری دستاویز حاصل کی۔آج سید برادری کے یاسین شاہ نے میڈیا کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے چانڈیو برادری کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔بعد ازاں عباس چانڈیو اور الیاس چانڈیو نے پریس کلب قاضی احمد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہر وقت فیصلے کے لیے تیار ہیں۔ یاسین شاہ کچھ عرصہ قبل صالح شاہ کے مقام پر بھی زمین پر قبضہ کرنے گئے تھے، لیکن وہاں سے بھی زمین حاصل نہ کر سکے، اب وہ ہمارے پیچھے پڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک بار پھر کہتے ہیں کہ فیصلہ کیا جائے۔ اگر ہمیں یا ہماری فیملی کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمہ دار یاسین شاہ اور ان کے حامی ہوں گے۔ ہم متعلقہ حکام سے اپیل کرتے ہیں کہ اس معاملے کا نوٹس لے کر امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے یاسین شاہ کو فیصلے کا پابند کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر یاسین شاہ فیصلے پر عمل نہیں کرتے اور کوئی کارروائی کرتے ہیں تو اس کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔ زمین اس وقت بھی ہمارے قبضے میں ہے۔ ان کا الزام ہے کہ یاسین شاہ جرائم پیشہ افراد اور مسلح افراد کو ساتھ لے کر آتے ہیں اور دھمکیاں دیتے ہیں۔ عباس چانڈیو اور الیاس چانڈیو نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے یاسین شاہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وہ جھگڑے اور زمینوں پر قبضے کرانے کی کوشش کرتے ہیں، جس کے باعث انہیں خدشہ ہے کہ انہیں جانی و مالی نقصان پہنچایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پیشگی طور پر متعلقہ اداروں کو آگاہ کر رہے ہیں کہ اگر کل کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا تو اس کے ذمہ دار یاسین شاہ اور ان کے حامی ہوں گے۔















