یوم دفاع، حر مجاہدین نے پیر پگارا کی قیادت میں وطن کا دفاع کیا، فنکشنل لیگ

کراچی( اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل سردار عبدالرحیم نے یومِ دفاعِ پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر ہمیں 1965 کی جنگ کے ان بہادر سپاہیوں اور محب وطن پاکستانیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔انہوں نے کہا کہ حر مجاہدین نے پیر صاحب پگارا کی قیادت میں 1965 کی جنگ کے دوران پاک فوج کے شانہ بشانہ وطن کا دفاع کیا اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے میں تاریخی کردار ادا کیا۔ حر جماعت کی حب الوطنی، قربانیاں اور پاکستان کے دفاع کے لیے خدمات ہماری قومی تاریخ کا قابلِ فخر حصہ ہیں۔سردار عبدالرحیم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ فنکشنل اپنے شہداء، غازیوں اور پاک فوج کے بہادر جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ پاکستان اور پاک فوج کا مضبوط رشتہ قوم کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کی ضمانت ہے۔ آج بھی ہمیں 1965 کے قومی جذبے، اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ اتحاد، اتفاق اور قومی یکجہتی سے ہی کیا جاسکتا ہے۔ دشمن قوتیں پاکستان کو کمزور کرنے کے لیے عوام اور ریاستی اداروں کے درمیان فاصلے پیدا کرنے کی کوششیں کرتی ہیں، مگر پاکستانی قوم اپنے وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے متحد ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top