لاہور(مانیڑنگ ڈیسک) پولیس نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فلک جاوید کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار کرلیا۔پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کرکے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے روبرو پیش کیا اور تفتیش کے لیے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے فلک جاوید کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔اے ٹی سی کے جج ملک عابد حسین نے کیس کی سماعت کی، پولیس کے مطابق تھانہ سرور روڈ میں فلک جاوید کے خلاف مقدمہ درج ہے۔قبل ازیں انسدادِ دہشت گردی عدالت لاہور نے زمان پارک کے باہر پولیس پر حملے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کی ایکٹوسٹ فلک جاوید کی بعد از گرفتاری درخواستِ ضمانت منظور کرلی۔ اطلاعات کے مطابق کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ملک عابد حسین نے کی، جہاں فلک جاوید کی طرف سے ممتاز قانون دان بیرسٹر میاں علی اشفاق نے پیش ہو کر تفصیلی اور مضبوط دلائل پیش کیے۔بیرسٹر میاں علی اشفاق نے مؤقف اپنایا کہ ’فلک جاوید پر لگائے گئے الزامات کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے اور انہیں سیاسی بنیادوں پر کیس میں نامزد کیا گیا ہے، لہٰذا وہ ضمانت کی مستحق ہیںجب کہ دوسری جانب سرکاری وکلا نے فلک جاوید کی درخواستِ ضمانت کی شدید مخالفت کی اور مؤقف اختیار کیا کہ ملزمہ پولیس پر حملے کے واقعے میں براہِ راست ملوث رہی ہیں، بعد ازاں عدالت نے دونوں فریقین کے دلائل سننے اور ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد بعد از گرفتاری فلک جاوید کی ضمانت منظور کرنے کا حکم سنایا۔















