پٹایا(مانیٹرنگ ڈیسک)مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے دوران مسلسل کئی ماہ سے سمندر میں سیکورٹی فرائض انجام دینے والے تقریباً 5 ہزار امریکی فوجی اہلکار طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن کے ذریعے تھائی لینڈ کے شہر پٹایا پہنچ گئے۔برطانوی اخبار دی گارجین کے مطابق امریکی فوجی ایران کے ساتھ جنگ کے بعد تھکن اتارنے پٹایا میں 5 روز قیام کریں گے جہاں انھیں آرام کرنے، خریداری اور تفریح کے مواقع میسر ہوں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض امریکی فوجی اہلکار ناخنوں کی سجاوٹ، مساج، خریداری اور تحائف لینے کے لیے شہر جا رہے ہیں جبکہ متعدد اہلکار مقامی کھانوں سے بھی لطف اندوز ہو رہے ہیں۔کچھ امریکی فوجیوں نے بتایا کہ وہ نئے موزے، ذاتی استعمال کی اشیا اور اپنی اہلیہ کے لیے تحائف خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔امریکی بحری جہاز کا عملہ ایران کے ساتھ جنگ اور مشرقِ وسطیٰ میں فوجی کارروائیوں کے باعث تقریباً 286 دن سمندر میں موجود رہا۔طویل عرصے تک بحری جہاز پر قیام کے دوران اہلکاروں کے رہائشی حالات اور ذہنی صحت کے حوالے سے سوالات بھی اٹھائے گئے۔رپورٹس کے مطابق جہاز پر موجود بعض اہلکاروں کو شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا اور خودکشی کی کوششوں کے واقعات بھی سامنے آئے۔















