کراچی: پولیس نے گل پلازا آتشزدگی کیس کا چالان عدالت میں جمع کرا دیا، جس میں مارکیٹ ایسوسی ایشن کو مرکزی طور پر ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔
پولیس نے چالان میں 87 گواہان کو شامل کیا ہے، جبکہ گل پلازا میں فائر سیفٹی کے انتظامات پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
پولیس چالان کے مطابق کے ایم سی، فائر بریگیڈ اور سول ڈیفنس کی جانب سے کوئی غفلت سامنے نہیں آئی۔ تفتیش کے دوران سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت مختلف شواہد حاصل کیے گئے۔
فارنزک رپورٹ کے مطابق جائے وقوع سے ملنے والی اشیا میں کسی قسم کا دھماکا خیز مواد نہیں ملا، جبکہ کسی قابلِ اشتعال مائع کے آثار بھی نہیں پائے گئے۔ رپورٹ میں بعض اشیا میں جلنے کے بعد باقی رہ جانے والے ذرات کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی ہے۔
چالان میں گل پلازا انتظامیہ کی مبینہ غفلت اور فائر سیفٹی کے انتظامات کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جبکہ دکانوں اور عمارت میں موجود حفاظتی انتظامات سے متعلق بیانات بھی شامل کیے گئے ہیں۔
پولیس نے چالان مزید قانونی کارروائی اور عدالتی حکم کے لیے عدالت میں جمع کرایا ہے۔















