برمنگھم: پاکستان ریڈ بال ٹیم کے عبوری کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ کے لیے متوازن اسکواڈ تشکیل دینا ہدف ہے، گزشتہ چند دن کھلاڑیوں کی آمد و رفت کے باعث چیلنجنگ رہے، تاہم کھلاڑیوں کی تمام تر توجہ اگلے ٹیسٹ پر مرکوز ہے۔
برمنگھم میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی پریکٹس کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ گزشتہ چند دن کھلاڑیوں کے آنے اور جانے کی وجہ سے مشکل رہے، تاہم ٹیم تیسرے ٹیسٹ کے لیے تیار ہے اور کھلاڑی مکمل طور پر فوکس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ فی الحال عبوری ریڈ بال کوچ کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ وہ جاپان میں ایشین گیمز کی تیاری کے لیے موجود تھے، تاہم لاہور پہنچنے پر انہیں ریڈ بال ٹیم کی عبوری کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالنے کی درخواست کی گئی۔ مائیک ہیسن نے واضح کیا کہ وہ ریڈ بال سلیکشن کا حصہ نہیں، بلکہ وائٹ بال ٹیم کے کوچ اور سلیکشن کا حصہ ہیں۔
مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ تیسرے ٹیسٹ کے لیے متوازن اسکواڈ بنانا ہدف ہے۔ نئے نوجوان کھلاڑی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں، جن کی شمولیت سے پاکستانی بولنگ اٹیک مزید بہتر نظر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں کھلاڑیوں کے ریلیز کیے جانے کی وجوہات کا علم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ محمد عباس نے دورہ انگلینڈ پر شاندار بولنگ کی ہے، جبکہ وہ چند ریڈ بال کھلاڑیوں کے ساتھ بھی کام کرچکے ہیں۔ کھلاڑی یقیناً مایوس ہیں، لیکن ہمیں آگے کی طرف دیکھنا ہے۔















