کراچی : ڈیفنس میں خاتون پر تشدد کے کیس میں تشدد کرنے والی خاتون پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق پہلے ایس ایس پی فدا جانوری کی رشتے دار خاتون نے متاثرہ خاتون پر مقدمہ درج کروایا تھا، ملزمہ نے پولیس اہلکاروں کی معاونت سے خاتون اور اس کے بھائی پر تشدد کیا تھا، معاونت کرنے والے پولیس اہل کاروں پر بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس کے اپارٹمنٹ میں 21 اگست کو با اثر خاتون کی جانب سے بہن بھائی پر تشدد کیا گیا تھا، جس کی ویڈیو 28 اگست کو سامنے آئی تھی۔
سی سی ٹی وی ویڈیو میں ایک خاتون کو دوسری خاتون پر تشدد کرتے دیکھا گیا تھا، ہاتھ میں ایکسرسائز ڈمبل بھی دکھائی دے رہا تھا۔
پولیس اہل کار نے متاثرہ خاتون کے ساتھ موجود شخص کو دھکے دیے، متاثرہ فیملی نے تھانہ درخشاں میں درخواست جمع کروائی تھی، تشدد کا نشانہ بننے والے بہن بھائی ہیں جو والدہ کے ساتھ اپارٹمنٹ میں رہائش پذیر تھے۔















