اسلام آباد(آن لائن)سینٹرل سپیریئر سروسز (سی ایس ایس ) کے امتحان میں عمر کی بالائی حد اور چانسز بڑھانے کی سفارشات کو مسترد کر دیا گیا ہے، اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن اور وفاقی پبلک سروس کمیشن (ایف پی ایس سی) نے اس حوالے سے اپنا تحریری مؤقف پارلیمانی کمیٹی کو پیش کر دیا ہے۔سینیٹ قائمہ کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے سی ایس ایس امتحان کے لیے عمر کی حد 30 سال سے بڑھا کر 35 سال اور شرکت کے مواقع (چانسز) 3 سے بڑھا کر 5 کرنے کی سفارش کی تھی تاہم اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن نے ان سفارشات کو ناقابلِ عمل قرار دیتے ہوئے عمر کی موجودہ حد 30 سال برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق عمر کی حد یا مواقع میں اضافہ کرنا وفاقی حکومت کے پالیسی دائرہ کار میں آتا ہے جبکہ ایف پی ایس سی صرف حکومت کی منظور شدہ پالیسی پر عمل درآمد کرتا ہے۔ایف پی ایس سی کے 174 ویں اجلاس میں بھی موجودہ پالیسی کو ہی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔















