مکہ دفاعی اتحاد میں مزید ممالک کی شمولیت کا امکان ہے‘ خواجہ آصف

اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ کچھ ممالک نے مکہ دفاعی اتحاد میں شامل ہونے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، تاہم نئے ارکان کی شمولیت سے متعلق حتمی فیصلہ اتحاد کی قیادت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے سے متعلق کمیٹی کے پہلے اجلاس میں دفاعی اتحاد کو وسعت دینے اور نئے ممالک کو شامل کرنے کے طریقہ کار پر تفصیلی مشاورت کی گئی ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ اجلاس میں اس بات پر بھی غور کیا گیا کہ دفاعی اتحاد میں نئے ممالک کو کب اور کس طریقہ کار کے تحت شامل کیا جائے، نئے ارکان کی شمولیت سے متعلق مختلف پہلوؤں پر بات ہوئی ہے اور آئندہ اجلاس میں اس کا باقاعدہ طریقہ کار سامنے آنے کا امکان ہے، مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پرآئندہ اجلاس اکتوبر کے اوائل میں ہوگا، تاہم اجلاس کہاں منعقد کیا جائے گا اس کا فیصلہ تینوں ممالک باہمی مشاورت سیکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر مکہ دفاعی اتحاد کا سربراہی اجلاس بھی طلب کیا جاسکتا ہے، حالیہ اجلاس میں اتحاد کے تنظیمی ڈھانچے، عہدیداروں اور سیکرٹریٹ کے قیام سے متعلق بھی مشاورت ہوئی۔ سیکرٹری جنرل اور اس کے ماتحت انتظامی ڈھانچے، دفاتر اور دیگر امور پر غور کیا گیا، تاہم پاکستان سے سیکرٹری جنرل کون ہوگا، اس بارے میں انہیں علم نہیں۔

مزید خبریں

Scroll to Top