پاکستان‘اگست 2026ء میں 4 ہزار 761 نئی کمپنیاں رجسٹر ڈ

اسلام آباد (صباح نیوز)سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے اگست 2026ء میں 4 ہزار 761 نئی کمپنیاں رجسٹر ڈکرلیں، جس کے بعد ملک میں رجسٹرڈ کمپنیوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 11 ہزار 765 ہوگئی ہے۔ ایس ای سی پی کے مطابق اگست میں 99.9 فیصد کمپنی رجسٹریشن آن لائن مکمل کی گئی۔ایس ای سی پی کے مطابق اگست 2026ء میں 2 ہزار 762 پرائیویٹ اور ایک ہزار 846 سنگل ممبر کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جبکہ 3 غیر ملکی کمپنیاں بھی پاکستان میں رجسٹرڈ ہوئیں۔نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں آئی ٹی سیکٹر 872 کمپنیوں کے ساتھ سرفہرست رہا۔ ٹریڈنگ کے شعبے میں 732، سروسز میں 601، تعمیرات میں 295 جبکہ سیاحت کے شعبے میں 232 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔صوبائی اعتبار سے پنجاب میں سب سے زیادہ 2 ہزار 547 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ اسلام آباد میں 843، سندھ میں 702 اور خیبر پختونخوا میں 407 نئی کمپنیاں رجسٹر کی گئیں جبکہ گلگت بلتستان میں 151 اور بلوچستان میں 111 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ اگست کے دوران 134 غیر ملکی سرمایہ کاروں نے نئی رجسٹرڈ کمپنیوں میں سرمایہ کاری کی، جن میں 106 چینی سرمایہ کار بھی شامل ہیں۔چیئرمین ایس ای سی پی نے کہا کہ کمپنی رجسٹریشن میں اضافہ کاروباری اعتماد اور ڈیجیٹل تبدیلی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی رجسٹریشن کے عمل کو مزید آسان اور مؤثر بنانے کے لیے ڈیجیٹل سہولیات کو فروغ دیا جارہا ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top