اسلام آباد (صباح نیوز) عدالت عظمیٰ نے بہن کا جائیداد میں حصہ کھانے والے بھائیوں کی جانب سے ہائی کورٹ فیصلہ کے خلا ف دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کردی۔ عدالت عظمیٰ کے سینئر ترین جج جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور جسٹس صلاح الدین پہنور پر مشتمل 3 رکنی بینچ نے غلام سرورمرحوم کے لواحقین اور دیگر کی جانب سے ملک محمد امین اور دیگر کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزاروں کی جانب سے مجیب احمد ہاشمی بطور وکیل پیش ہوئے جبکہ مدعاعلیہان کی جانب سے ایس ممتاز ایچ باقری بطور وکیل پیش ہوئے۔ جسٹس منیب اخترکا کہنا تھا کہ بیٹی کہہ رہی ہے کہ بھائیوں نے میرا حصہ کھا لیا۔ جسٹس ملک شہزادکا کہنا تھا کہ بیٹی کی جانب سے بنائی گئی سرینڈرڈ ڈیڈ جعلی نکلی‘ نہ دستخط اور نہ ہی انگوٹھے کے نشان صحیح تھے۔ بینچ نے ہائی کورٹ فیصلے کے خلاف دائر درخواست خارج کرتے ہوئے کہ قراردیاکہ کیس میں کوئی قانونی سوال نہیں بنتا۔















