پاکستان کو دوبارہ عروج و زوال کے معاشی چکر میں نہیں جانے دیں گے،وزیرخزانہ

اسلام آباد (نمائندہ جسارت) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا ہے مشکل فیصلوں کے نتیجے میں معاشی استحکام حاصل ہوا، پاکستان کو دوبارہ عروج و زوال کے معاشی چکر میں نہیں جانے دیں گے۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کی ٹیکس وصولیوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، ایف بی آر کی آمدن میں گزشتہ برسوں کے دوران 40 فیصد اضافہ ہوا، ایف بی آر کا ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 8.8 فیصد سے بڑھ کر10.3فیصد ہوگیا، مجموعی خسارہ 12.5 فیصد سے کم ہوکر 2.6 فیصد رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، معاشی استحکام مشکل فیصلوں کے نتیجے میں حاصل ہوا، اسے مستقل بنانا ہے، معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب بڑھنا ہے، بنیادی ڈھانچہ جاتی اصلاحات پر عمل درآمد کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں نجی شعبے کو ملک کی معاشی قیادت کا کردار اداکرنے کے قابل بنانا ہے، نجی شعبے کے سرمائے کو متحرک کرنا معاشی ترقی کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قلیل مدت میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 11 سے 12 فیصد تک لے جانا ہے، آئی ٹی سروسز کی برآمدات گزشتہ مالی سال 4.6 ارب ڈالر رہیں، آئی ٹی برآمدات میں فری لانسرز نے 1.6 ارب ڈالر کا حصہ ڈالا، اشیا کی برآمدات تقریباً 30 ارب ڈالر پر برقرار رہیں، اس شعبے میں مزید کام کرنا ہوگا، توانائی، سرکاری اداروں، ٹیکس اور نجکاری کے شعبوں میں اصلاحات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Scroll to Top