اسلام آباد (صباح نیوز) ترجمان دفتر خارجہ سجاد حیدر خان نے نارووال کے اڈا سراج میں مندر کے حوالے سے بھارتی بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مندر طوفانی بارش سے متاثر ہوا ہے‘ بھارت حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے، بھارت کا جھوٹا پرواپیگنڈا اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نارووال مندر پر بھارتی بیان کو واضح طور پر مسترد کرتا ہے، بھارتی وزارت خارجہ کا بیان جھوٹا اور سیاسی مفاد کے لیے ہے‘ بھارتی جھوٹے پرواپیگنڈے کے برعکس مندرکو21 جولائی 2026ء کو طوفانی بارش کے باعث نقصان پہنچا، مقامی انتظامیہ پہلے ہی سروے کرچکی ہے اور بحالی کے اقدامات شروع کردیے گئے ہیں‘ بھارت حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہا ہے اور سستی شعبدہ بازی کا سہارا لے رہا ہے، حقائق کو دانستہ طور پر مسخ کرنے کی ایسی کوششیں بھارت میں اقلیتوں کے منظم استحصال اور ان کی عبادت گاہوں پر ریاستی سرپرستی میں ہونے والے حملوں کے انتہائی ناقص ریکارڈ سے توجہ نہیں ہٹا سکتیں۔ دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دنیا ہندوتوا نظریے کو اقلیتوں کے خلاف ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیے جانے سے بخوبی آگاہ ہے اور اسے بھارتی قیادت کو مسلم، سکھ اور مسیحی برادریوں کے خلاف جاری ظلم و ستم پر جواب دہ ٹھہرانا چاہیے۔















