ڈیفنس تشدد واقعہ: ایس ایس پی کورنگی ذمے دارقرار‘کارروائی کی سفارش

کرا چی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد کے پوش علاقے ڈیفنس میں خاتون کی جانب سے بہن بھائی پر تشدد کے معاملے کی انکوائری رپورٹ مکمل کر لی گئی۔ذرائع کے مطابق انکوائری رپورٹ میں ایس ایس پی کورنگی فدا جانوری کو بھی ذمے دار ٹھہرایا گیا ہے، متاثرہ فیملی کے خلاف درج مقدمے کو بی کلاس یعنی خارج کردیا گیا ہے اور ڈسٹرکٹ کورنگی کے 4 اہلکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کا کہا گیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے رپورٹ کی روشنی میں ایس اچ او درخشاں راشد علی، ایس آئی او عمران اور پولیس موبائل افسر آفتاب کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، رپورٹ میں متاثرہ فیملی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ذرائع کا بتانا ہے انکوائری کمیٹی نے وڈیو میں نظر آنے والی 2خواتین اور ایک مرد پر مقدمہ درج کرنے کی سفارش بھی کی ہے۔اس حوالے سے ڈی آئی جی سائوتھ کا کہنا ہے وڈیو میں تشدد کرنے والے تمام افراد فدا جانوری کے قریبی رشتے دار ہیں، واقعے سے متعلق شفاف تحقیقات کی گئی ہیں۔ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی کی انکوائری رپورٹ ایڈیشنل آئی جی کوبھجوادی گئی ہے۔

مزید خبریں

Scroll to Top