یورپی یونین کا توہین مذہب قوانین کے خاتمے کا مطالبہ معنی خیز ہے‘ شجاع الدین

کراچی ( صباح نیوز)یورپی یونین کے انسانی حقوق کے نمائندے کا توہین مذہب کی روک تھام کے قوانین اور سزائے موت کے خاتمے کا مطالبہ انتہائی معنی خیز ہے۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کیا۔ اْنہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے انسانی حقوق کے نمائندے کا پاکستان سے توہین مذہب کی روک تھام کے قوانین کے اطلاق کو روکنے، نام نہاد اظہاررائے کی اجازت دینے اور سزائے موت کے خاتمہ کا مطالبہ کرنا درحقیقت پاکستان میں توہین قرآن، توہین رسالت اور توہین مقدسات کے ملزمان کو تحفظ دینے اور معاشرتی بے راہ روی کو فروغ دینے کی ایک اور ابلیسی کوشش ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ مغربی ممالک خود تو ہولوکاسٹ کے خلاف بات کرنے والوں کو قید و جرمانہ کی سزا دیتے ہیں اور امریکا سمیت بعض مغربی ممالک میں سزائے موت کا قانون موجود ہے لیکن پاکستان جیسے مسلم ممالک میں مسلمانوں کا رشتہ قرآن، صاحبِ قرآن اور دیگر دینی مقدسات سے (معاذاللہ) توڑنے اور معاشرتی و خاندانی نظام کو تباہ و برباد کرنے کی مسلسل سازشیں کرتے رہتے ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان فوری طور پر یورپی یونین کے پاکستان میں سفیر کو طلب کرکے پاکستان کے آئین اور قانون کے خلاف اِس بیان اور ملکی معاملات میں کْھلی مداخلت پر سرزنش کرے۔

مزید خبریں

Scroll to Top