پرائمری اسکول ٹیچرز سے متعلق معاملات کا اختیار ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کے سپرد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) محکمہ تعلیم نے پرائمری اسکول ٹیچرز سے متعلق معاملات کا اختیار ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کو دے دیا۔تفصیلات کے مطابق سندھ کے محکمہ تعلیم نے پرائمری اسکول ٹیچرز کے انتظامی اور مالی معاملات کے حل کے لیے ایک اہم اور باقاعدہ فیصلہ جاری کر دیا ہے۔نئے احکامات کے تحت پی ایس ٹیز کے تمام متعلقہ امور کو اب ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کے ذریعے نمٹایا جائے گا۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں واضح کیا گیا ہے کہ گریڈ 7 سے 14 تک کے پرائمری اسکول ٹیچرز کے انتظامی اور مالی معاملات کو سندھ سول سرونٹس رولز 1974ء کے تحت حل کیا جائے گا۔ محکمہ تعلیم کو مسلسل یہ شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ پی ایس ٹیز کے کیسز اور معاملات غیر متعلقہ حکام کو بھیجے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے کاغذی کارروائی اور فیصلوں میں تاخیر ہو رہی تھی۔ محکمہ تعلیم نے ان شکایات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام ڈائریکٹرز اور ضلعی تعلیمی افسران کو اپنے طے شدہ قانونی اختیارات کے مطابق ہی معاملہ حل کرنے کا پابند کیا ہے۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ نے صوبے بھر میں گریڈ ایک سے چار تک کے نان ٹیچنگ اسٹاف کی نئی بھرتیوں کا فیصلہ کرلیا۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کی جانب سے جاری حکم نامے کے تحت نان ٹیچنگ اسٹاف کی بھرتیوں کے تمام اختیارات ڈویژنل ڈائریکٹرز کو تفویض کردیے گئے ہیں۔

 

مزید خبریں

Scroll to Top